کیلی فورنیا سے تعلق رکھنے والے ایک 33 سالہ مالیاتی ماہر نے حال ہی میں اپنی ملازمت چھوڑ کر خود کو انٹرنیٹ پر مفت ریاضی پڑھانے کے لیے وقف کردیا ہے اور ان کے تیار کردہ اسباق سے ہر ماہ لگ بھگ ایک لاکھ افراد استفادہ کررہے ہیں۔
ہرروز دنیا بھر کے ان ہزاروں طالب علموں تک جنہیں ریاضی سیکھنے کے لیے مدد کی ضرورت ہے،انٹرنیٹ کے ذریعےسلمان خان کی آواز پہنچتی ہے۔ انہوں نے یوٹیوب پر اپنے 12 سو اسباق پوسٹ کردیے ہیں جو ایک الیکٹرانک بلیک بورڈ پر پیش کیے جاتے ہیں اور ان میں بنیادی جمع تفریق سے لے کر سائنس اور فنانس کے ایڈوانس فامولوں پر مبنی اسباق شامل ہیں اور یہ سب کچھ ریاضی سیکھنے کے لیے بالکل مفت ہیں۔
سلمان خان کہتے ہیں کہ ان کی سب سے مقبول انٹرنیٹ ویڈیومثلث کے اصولوں کے بارے میں ہے۔ سلمان خان اپنی اہلیہ اور اپنے ایک نومولود بچے کے ساتھ کیلی فورنیا کی سلی کون ویلی میں رہتے ہیں۔ ان کی اہلیہ سٹین فرڈ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کررہی ہیں۔
سلمان خان کو انٹرنیٹ پر ریاضی سکھانے کا خیال چار سال قبل اس وقت آیاتھا جب انہوں نے اپنے ایک نوعمر رشتے دار کو کلوگرام کو گراموں میں تبدیل کرنا سکھا یا۔ ان کی اس مدد سے بچے نے ریاضی میں بہت اچھے نمبر حاصل کیے اور خان کو ایک نیا پیشہ شروع کرنے کے بارے میں سوچنے کا موقع ملا۔
اب سلمان خان اپنے اسباق ، اپنے بیڈ روم کے پیچھے واقع ایک چھوٹی سی الماری کو ریکارڈنگ روم کی شکل دے کر وہاں ریکارڈ کررہے ہیں۔ وہ کبھی کیمرے کے سامنے نہیں آتے۔
وہ کہتے ہیں کہ مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میری آواز گویا ان کے دماغ میں اتررہی ہے۔ اور جب آپ ریاضی کے ان اسباق اورمشقوں کودیکھتے ہیں تو آپ یہ بھی محسوس کرتے ہیں کہ کوئی شخص آپ کے قریب کھڑا آپ کے کان میں آپ سے بات کررہاہے، بجائے اس کےکہ آپ خود سے دور رکھے ہوئے کسی بلیک بورڈ پر سے کچھ پڑھ رہے ہوں۔
پالو آلٹو کیلی فورنیا میں لڑکیوں کے ایک اسکول نے سلمان خان کو اپنے ہاں ریاضی پر لیکچر دینے کی دعوت دی تو انہوں نے فوری طورپر ان سے رابطہ کیا۔
ہائی سکول کی ایک سینیئر طالبہ برجٹ میانے کہتی ہیں کہ ایسے چھوٹے چھوٹے اسباق جنہیں بار بار انٹرنیٹ پر باربار دیکھا جاسکتا ہے، انہیں بہت پسند آئے۔ وہ کہتی ہیں کہ انہیں ساتویں جماعت کا الجرا بہت مشکل لگتاتھا ۔ میرا خیال ہے کہ ٹیچرز تو اچھے ہیں لیکن وہ ہرشخص کے ذہن کی سطح پر جاکر نہیں سکھا سکتے۔ ان کا کہنا ہے کہ مجھے یہ بات اچھی لگتی ہے کہ پہلے کوئی چیز کلاس میں سیکھی جائے اور پھر انٹرنیٹ پر جاکر اسے مزید اچھی طرح سمجھا جائے۔
شروع میں سلمان خان نے یوٹیوب کی پابندیوں کی وجہ سے اپنے اسباق کے دورانیے مختصررکھے تھے ۔ لیکن اب وہ کہتے ہیں کہ ان اسباق کے لیے مختصر دورانیہ ہی بہتر ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ مجھے ماہرین نے بتایا ہے کہ بہت سے مطالعاتی جائزوں سے یہ سامنے آچکاہے کہ کسی چیز پر توجہ مرکوز رکھنے کے لیے دس منٹ بہت زیادہ ہوتے ہیں ۔
سلمان خان کے لیے ریاضی ، سائنس اور فنانس پڑھانا ابھی صرف شروعات ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ وہ یوٹیوب کی اپنی ویب سائٹ کو توسیع دے کر اس میں دوسرے مضامین بھی شامل کرنے کا سوچ رہے ہیں۔
No comments:
Post a Comment